سیکرٹری صحت کا دورہ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانولہ، سسٹم فعال نہ ہونے پر برہم

لاہور(نیوز رپورٹر) سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمودنے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانولہ کا اچانک دورہ  کیا۔ سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی بھی ہمراہ تھے۔پرنسپل گوجرانولہ میڈیکل کالج بھی موقع پر پہنچ گئے۔سیکرٹری صحت پنجاب نے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے فیڈ بیک لیا۔ دورہ کے دوران ہسپتال میں ادویات کی فراہمی، ڈاکٹرز کی حاضری، وزیر اعلیٰ شکایت سیل و دیگر شعبہ جات میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق موقع پر پیشنٹ کیئر بارے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ہسپتال میں ڈیوٹی روسٹرم نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔ مریضوں کے علاج و معالجہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ادویات کی فراہمی کی الیکٹرانک فہرست نہ ہونے پر ایم ایس کو متعلقہ افسران سے باز پرس کی ہدایت کی گئی۔ عظمت محمودنے ایمرجنسی میں پبلک ایڈریس سسٹم فعال نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور لواحقین کیلئے کرسیوں اور بنچوں کی فی الفور فراہمی کا حکم دیا۔ کوشش ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ای پیپر دی نیشن