اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے آج اتوار کو جنوبی تل ابیب میں ریشون لٹیسون کے قریب ایک مشکوک چیز ملنے کا اعلان کیا۔ یہ اسرائیل کے پرچم میں لپٹا ہوا ٹائم بم تھا۔ اس ٹائم بم کے ملنے کے بعد جنوبی تل ابیب میں ایک سڑک بند کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق یہ بم جنوبی تل ابیب میں ریشون لٹسیون شہر کے قریب ایک علاقے میں ملا ہے جس کے نتیجے میں اہم شاہراہ 431 پر ٹریفک کی روانی بند کردی گئی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ جائے وقوعہ کے گرد وسیع پیمانے پر سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ پولیس فورسز اور بم ڈسپوزل کے ماہرین اس وقت گلی کو سیل کر کے اس چیز کا معائنہ اور اسے ہٹانے میں مصروف ہیں۔یہ صورتحال ایسے وقت میں پیش آئی ہے جب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ یمن سے داغا گیا ایک میزائل تل ابیب کے ایئرپورٹ پر آگرا ہے۔ فوج نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے میزائل گرانے پر سخت ردعمل دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ایک مختصر تبصرے میں انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی میرے ملک کو نشانہ بنائے گا اسے کئی گنا زیادہ ضرب لگائی جائے گی۔میزائل حملے کے نتیجے میں ہوائی اڈے کی بندش کے بعد دوبارہ کام شروع ہونے کی اطلاع ہے۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ کئی ایئر لائنز نے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔واضح رہے اکتوبر 2023 میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ شروع ہونے کے بعد ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر درجنوں حملے کیے ہیں۔