گوجرانوالہ+ وزیر آباد+ حافظ آباد+ شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان) ماموں بھانجے کے قاتل سمیت 5 خطرناک ڈاکو مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سول لائن گوجرانوالہ پولیس ملزم اذان کی نشاندہی پر اروپ میں عطا ربی، شان ربی سمیت دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے جا رہی تھی کہ ملزمان پولیس پر فائرنگ کے بعد زیرحراست ملزم اذان کو چھڑا کر لے گئے۔ مدوخیل کے علاقے میں سی سی ڈی کا ملزمان سے مقابلہ ہوا، جس میں ملزم اذان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ ملزم اذان نے چند دن قبل گوجرانوالہ سیشن جج کی عدالت میں ماموں بھانجے کو قتل کیا تھا۔ تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے میں سٹی وزیرآباد پولیس کی حراست سے فرار ہونے والا ریکارڈ یافتہ ملزم عاکف شہزاد عرف وکی پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔ پنڈی بھٹیاں کے علاقے کوٹ نکہ کے قریب سی ٹی ڈی پولیس کوٹ نکہ کے قریب گشت پر تھی کہ تین موٹر سائیکل سواروں کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔ اس دوران فائرنگ کے نتیجہ میں ایک ملزم جس کی شناخت منیر جنجوعہ ساکن جھگیاں سرگودھا کے نام سے ہوئی وہ اپنے ہی ساتھیوںکی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ شیخوپورہ کے تھانہ صدر کے علاقہ موضع ورن کے قریب سی ٹی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو رضوان عرف کاکا اور علی حماد ہلاک ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے ایک شخص اسد علی کو دوران ڈکیتی گولی مار کر قتل کیا تھا۔