لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس شہداء کے اہلخانہ کو اپنی چھت کی فراہمی کا مشن جاری ہے۔ 20 پولیس شہدا ء کی فیملیز کو اپارٹمنٹ کی فائلیں تقسیم کرنے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی گئی۔ شہدا کی فیملیز کو لاہور اور اسلام آباد میں رہائشی اپارٹمنٹس دئیے جائیں گے۔2017ء سے قبل کے 9 شہدا ء کے اہلخانہ میں گھروں کی تعمیر کیلئے مزید 45 لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کئے گئے۔9 شہدا ء کے اہلخانہ کو 5 لاکھ روپے فی کس چیک کی صورت میں دیئے گئے۔ 701 شہدا کے اہلخانہ کو رہائشی پلاٹس فراہم کئے جاچکے ہیں۔پنجاب پولیس نے گھروں کی تعمیر کیلئے6 کروڑ 10 لاکھ روپے فراہم کئے ہیں۔عثمان انور نے کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں پر انہیں تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہداء ہمارا فخر اور ان کی فیملیز کی مشکلات کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔