لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے پرتشدد و شرپسند عناصر پر قابو پانے کیلئے اینٹی رائٹ فورس کی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔انہوںنے پولیس ٹریننگ کالجز و سکولز کے کمانڈنٹس کو سپاہ کی اینٹی رائٹ فورس ٹریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ دہشت گردوں کے بڑھتے حملوں کے پیش نظر بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں کا دفاعی نظام مزید مضبوط و محفوظ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سرحدی پولیس چوکیوں کیلئے بلٹ پروف وہیکلز، ڈرونز، مارٹر شیل اور جدید اسلحہ و ایمونیشن کی خریداری کی جائیگی۔میرٹ اور سنیارٹی کے تحت مختلف رینکس پر مزید محکمانہ پروموشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ان خیالات کا اِظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔