اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا کو ایل او سی پر آزاد کشمیر کے علاقوں کا دورہ کرایا گیا۔ آج بھی کرایا جائے گا۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق دورے کا مقصد بھارت کے خیالی دہشت گردی کے کیمپس کے بے بنیاد اور من گھڑت پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنا ہے۔ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر دہشتگردوں کے مبینہ ٹھکانوں کا من گھڑت پراپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا کو ایل او سی کے ان علاقوں کے دورے کے دوران ان مقامات پر لے جایا گیا جن کا جھوٹا پراپیگنڈا بھارت کرتا ہے اور حقائق سے آگاہ کیا جائے، پاکستان پوری دنیا میں کسی بھی طرح کی دہشتگردی اور دہشتگردانہ اقدامات کی حمایت نہیں کرتا۔ پاکستان پر بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف آج تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال پر اہم بیک گراؤنڈ بریفنگ دیں گے۔ یہ بریفنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال اور اس کے مضمرات کے حوالے سے ہو گی۔ اس موقع پر شرکاء کو افواج پاکستان کی دفاعی تیاریوں، سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔ موجودہ صورتحال میں یہ بریفنگ قومی یکجہتی اور اتحاد و اتفاق کی اعلیٰ مثال ہے۔