ہمارے پاس دو راستے ہیں ، ترکیہ کے نقش قدم پر چلیں یا میانمار بن جائیں : عمران خان 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈینگلش نے زمان پارک میں عمران سے ملاقات کی۔ قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر زوویئر اور سیاسی مشیر طلال رضا بھی ان کے ساتھ ملاقات میں شریک تھے۔ عمران خان سے خصوصی ملاقات میں دوطرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ و استحکام، دستور کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر تحریک انصاف کے ویژن پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی سطح پر اس کیخلاف پائی جانے والی تشویش کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عمران نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی تحریک انصاف کے سیاسی ایجنڈے کے کلیدی نکات ہیں۔ جمہوریت کی بنیاد انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ پر استوار ہے۔ تحریک انصاف عوامی رائے کی بنیاد پر سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور بحرانوں کا حل نکالنے پر یقین رکھتی ہے۔ دستورِ مملکت انتخاب کے آزادانہ و شفاف انتخاب کی مدت طے کرتا ہے۔ مقتدر گروہ عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیلئے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔ اظہار و خیال سے لیکر جان و شخصی وقار کے حق تک کو بےدردی سے پامال کیا گیا۔ سیاسی آزادیوں اور حقوق پر پیہم حملوں سے پوری دستوری سکیم کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ چاہتے ہیں کہ عالمی برادری جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے اپنی آواز بلند کرے۔ برطانوی ہائی کمشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی جانب سے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ عمران خان نے کہا کہ آج ہم اپنی آئینی تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں۔ ایک ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو راستے ہیں۔ ترکیہ کے نقش قدم پر چلیں یا میانمار بن جائیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرح ہر ایک کو انتخاب کرنا چاہئے کہ وہ کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آئین‘ قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے ساتھ یا پھر کرپٹ مافیا اور فاشزم اور جنگل کے قانون کے ساتھ۔ عمران خان نے افطار ڈنر پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کے پاس صرف پیسہ ہے‘ عزت نہیں۔ کیا شریف خاندان کے لوگ عوام میں جا سکتے ہیں۔ لندن کے مہنگے ترین علاقے میں بیٹھ کر ہر روز گالیاں کھاتے ہیں۔ پیسہ خرچ کرکے عزت کمائی جا سکتی ہے تو نوازشریف کی زیادہ عزت ہوتی۔

ای پیپر دی نیشن