لاہور( کامرس رپورٹر)بنگلہ دیش کے ایک حالیہ دورے کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش ٹیکسٹائل کے شعبوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے 3 مفاہمت کی یادداشتوں کے پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بنگلہ دیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور بنگلہ دیش ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے بنگلہ دیش نٹ ویئر مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔ دو طرفہ تجارت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو مزید ظاہر کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ایکسپورٹ پروموشن بیورو نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کرنے میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔ بنگلہ دیش گارمنٹ بائنگ ہاؤس ایسوسی ایشن نے بھی پاکستان میں دفتر کھولنے کے اپنے ارادے سے آگاہ کیا۔ اس دورے نے 250 سے زیادہ پیداواری بزنس ٹو بزنس میٹنگز کی سہولت فراہم کی، جس کے نتیجے میں 2.5 ملین امریکی ڈالر کے دھاگے اور تانے بانے کے آرڈرز کی تصدیق ہوئی۔