اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف نے ریجنل اکنامک آئوٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مڈ ایسٹ و سنٹرل ایشیا ریجن میں تنازعات کے باعث معاشی ترقی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان میں رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 2.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ پہلی ششماہی میں سست معاشی سرگرمیوں کے باعث شرح نمو میں 0.6 فیصد کمی متوقع ہے۔آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی بحالی کی توقع ہے اور سیلاب کے بعد زرعی پیداوار میں بہتری آئی ہے جبکہ 2025ء میں پاکستان اور ایم ای این اے ممالک کی مجموعی عوامی مالی ضروریات 263 ارب ڈالر ہیں۔ رپورٹ میں 2025ء میں غیر جی سی سی آئل ایکسپورٹرز کی گروتھ میں نمایاں کمی کا خدشہ ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سوڈان، غزہ، لبنان، شام اور یمن میں تنازعات نے معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق مشرق وسطیٰ کے آئل امپورٹرز میں 2025ء میں گروتھ 3.4 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔