بھٹو شہید نے محنت کشوں کو یونین سازی کا حق دیا :راجہ پرویز اشرف  

لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے محنت کشوں کے عالمی دن پر ان سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا یوم مئی ہمیں محنت کشوں کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا سبق دیتا ہے۔یکم مئی کو شگاگو کے مزدوروں نے باعزت روزگار کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔سابق وزیر اعظم پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا بھٹو شہید نے محنت کشوں کو یونین سازی کا حق دیا اوربی بی شہید نے سیاسی انتقام کے تحت مزدور رہنما رہا کروائے جبکہ صدر آصف زرداری نے پہلے دور میں تنخواہ و پنشن میں اضافہ کیا۔ انچارج پیپلز لیبر بیورو چودھری منظور احمد نے کہا یکم مئی شگاگو کے مزدوروں کو سلام کرنے کا دن ہے۔آج کے دن ان کا سفید جھنڈا انہی کے لہو میں تر ہو کر سرخ ہوا تھا۔پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا پاکستان کا مزدور آج بھی جبر و استبداد کا شکار ہے۔سوشل سکیورٹی اور کنٹریکٹ سسٹم کی بنیاد پر اس کا استحصال کیا جاتا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ بھٹہ اور کھیت مزدور کو ان کے جائز حقوق اور مراعات دی جائیں۔پاکستان پیپلز پارٹی نجکاری کے نام میں مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے نہیں ہونے دیگی اور محنت کشوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن