ڈی جی نیب لاہور کی ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد،  متاثرین کی شکایات پر فوری انکوائری کا حکم 

لاہور( این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں سرمایہ کاری کے نام پر مالی فراڈ کے شکار اور ہائوسنگ سیکٹر کے سینکڑوں متاثرین شکایات لئے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور محمد احترام ڈار نے کے روبرو پیش ہوئے۔ پونزی سکیموں کے متاثرین میں سرمایہ داری کمپنی، یونیک سولرسکینڈل، فاریو ریئل ٹریڈرز سکینڈل کے متاثرین نے دادرسی کیلئے درخواستیں دیں جبکہ ہائوسنگ سیکٹر کے متاثرین میں چار ہائوسنگ سوسائٹیز کے متاثرین دادرسی کیلئے شریک ہوئے۔ڈی جی نیب لاہور نے یونیک سولر سکینڈل متاثرین کی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم چلائی گئی اور عوام سے سرمایہ اکھٹا کیا گیا جن سے عوام کو آئندہ بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ سرمایہ داری کمپنی سکینڈل میں متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب لاہور کو تاحال 284 متاثرین کے 480 ملین کے کلیمز موصول ہوچکے ہیں اور نیب لاہور عنقریب سرمایہ داری کمپنی انتظامیہ کیخلاف کمپلینٹ ویری کیشن کو انکوائری کے مراحل میں داخل کرے گا تاکہ ملزمان کیخلاف بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ڈی جی نیب لاہور نے فاریو ریئل ٹریڈرز سکینڈل میں کہا کہ پنجاب سے متاثرین کے کلیمز وصولی کے بعد نیب لاہور کی انویسٹی گیشن میں افسران کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور ٹیم کراچی روانہ کی جا رہی ہے تاکہ کراچی میں موجود مذکورہ سکینڈل کے متاثرین کے کلیز اکھٹے کئے جاسکیں۔اومیگا ہائوسنگ سکینڈل میں ریفنڈ کے متاثرین کی انتظامیہ کے خلاف ریفنڈ میں تاخیر کی شکایات پر ڈی جی نیب لاہور نے اومیگا ہائوسنگ کے تمام متاثرین کا مکمل ڈیٹا طلب کرتے ہوئے اومیگا ہائوسنگ سکینڈل میں 6 ماہ کی ریفنڈ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری کئے ہیں اور دیگر متاثرین کو متعلقہ واٹس ایپ گروپس میں کیسز کی تمام اہم پیش رفت سے وقتا فوقتا آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔کھلی کچہری میں متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور محمد احترام ڈار نے کہا کہ نیب عوام کا اپنا ادارہ ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام کی امیدوں پر پورا اترا جائے۔

ای پیپر دی نیشن