کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) نے ملکی میڈیا کے کچھ حلقوں کی جانب سے پھیلائی گئی افواہوں کی سخت تردید کرتے ہوئے ان خبروں کو بالکل بے بنیاد اور کمپنی کی سخت محنت سے حاصل کی گئی ساکھ کے لیے نہایت نقصان دہ قرار دیا ہے۔ ایل این جی درآمد کیس کی تحقیقات کے نتیجے میں پی ایس او کی اعلیٰ انتظامیہ کے مبینہ طور پر ملک چھوڑ کر جانے کی جھوٹی اور بے بنیاد خبر کے حوالے سے پی ایس او نے واضح کیا ہے کہ ایم ڈی و سی ای او سمیت کمپنی کی تمام اعلیٰ انتظامیہ ملک میں موجود ہے اور اپنی تمام روزمرہ ذمہ داریاں بخوبی نبھارہی ہے۔ ایم ڈی پی ایس او کی چھٹی کی درخواست کی خبر کے حوالے سے کمپنی نے کہا ہے کہ انھو ں نے بیرون ملک جانے کے این او سی کے لیے نہیں بلکہ عید اپنے خاندان کے ہمراہ گزارنے کے لیے چھٹی کی درخواست جمع کرائی ہے۔