لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس نے نیو ائیر کے موقع پر قیمتی انسانی جانیں بچانے کیلئے ون ویلنگ و ہوائی فائرنگ کے ہاٹ سپاٹ ایریاز اور شاہراؤں کی نشاندہی کرکے نائٹ ویژن دور بین اور ڈرون کیمروں سے مدد نگرانی کی۔خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل کی ہوا کھانا پڑی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نیو ائیر کے سکیورٹی پلان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے 6ہزار سے زائد افسران و جوانوں نے ڈیوٹی دی۔پہلی دفعہ کراؤڈ کنٹرول پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہوئے گذشتہ سالوں کی نسبت اس بار 2ہزاراضافی نفری تعینات کی گئی ۔ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے فارم ہاؤسز، چھتوں اور ریکارڈ یافتہ ملزمان کی نگرانی سمیت منشیات کی سپلائی روکنے کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دیئے گئے ہیں۔ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں ناکہ بندی اورگشت بڑھایا گیا ہے۔منچلوں کی موٹر سائیکلیں تیار کرنے والے مکینگ کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے لاہور کی بلند عمارتوں پر بھی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔