اسلام آباد ‘ کراچی (نمائندہ خصوصی ‘ سٹاف رپورٹر) سندھی ثقافت ڈے آج منایا جائے گا‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبہ سندھ سمیت ملک بھر کی عوام کو یومِ سندھی ثقافت کے موقعے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے جاری کردہ پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھی ثقافت قدیم انڈس سویلائیزیشن و اسلامی تہذیب کا خوبصورت امتزاج اور وادیِ مہران کے لوگوں کی انسانیت دوستی، ملنساری اور دلیرانہ مزاج کی آئینہ دار ہے۔ ثقافت کے بغیر قوم کا تصور رنگ و خوشبو کے بغیر پھول کے مترادف ہے۔ پاکستانی قوم خوش نصیب ہے کہ اس کی منفرد و کثیر رنگی ثقافت اعلیٰ خوبیوں اور زندگی سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ قومی اتحاد و ہم آہنگی کی بنیاد بھی ہے۔ سندھ کی ثقافت کے مثبت پہلووَں کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کے لیئے نوجون نسل اپنا کردار اس اصولِ عمل کے تحت ادا کریں، کہ: "اپنی ثقافت پر ناز کریں، پاکستان سے پیار کریں۔ ادھر قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی اور سینئر رہنماء تحریک انصاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے سندھ کاثقافتی دن منانے پر سندھ کے لوگوں کومبارکبادپیش کرتے ہوئے عزم کااظہارکیاکہ تحریک انصاف بھرپور طریقے سے سندھ کایوم ثقافت منائے گی ہر ضلع میں پارٹی کی جانب سے شاندار پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر اور جی ڈی اے کے مرکزی رہنماء پیر سید صدر الدین شا ہ راشدی نے سندھی ثقافت ڈے کے موقعے پر اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان اور جی ڈی اے کے کارکنان کو خاص ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ ثقافتی ڈے شایان شان اور بھرپور طریقے سے منائیں اور اس خاص دن کے موقع پر پورے سندھ میں کیمپس قائم کرکے جشن سماء بنایا جائے ۔