نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی نوجوانوں میں گٹکے کے استعمال سے خطرناک بیماریاں بڑھ گئیں فوج میں بھرتی کیلئے آنیوالے ہر 3امیدواروں سے ایک منہ کے کینسر کی ابتدائی علامات پائی جانے کی وجہ سے ریجیکٹ ہونے لگا۔ اس امر کا انکشاف بھارتی اخبار کی رپورٹ میں کیا گیا۔ بھارتی فوج کے ایک اعلی افسر نے اخبار کوبتایا شہر کانپور میں سپاہیوں کی بھرتی کے لئے 12 روزہ کیمپ لگایا گیا جو 27 اپریل کو ختم ہوا۔ 7 ہزار امیدواروں میں سے ایک ہزار کو منہ کے کینسر کی علامات ملنے پر مسترد کردیا گیا۔ دریں اثنا ’’انڈین ایکسپریس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی پیرا ملٹری فورس کے 60 فیصد سے زائد گزیٹڈ افسروں نے رواں سال بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) جوائن کرنے سے انکار کیا۔ ان میں سے بعض پاک فوج کے شیر جوانوں سے بارڈر پر مقابلے کی ہمت نہ ہونے کے باعث دم دبا کر بھاگے جبکہ کچھ افسران نے تیج بہادر یادیو کی ویڈیو کی وجہ سے بی ایس ایف جوائن کرنے سے انکار کیا۔ بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق بی ایس ایف میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ اور اس سے اوپر کے عہدوں کی گزٹڈ پوسٹس کی مجموعی تعداد 5 ہزار 309 رکھی گئی ہے تاہم ان پر صرف 522 افسران کام کر رہے ہیں اور باقی ساڑھے 4 ہزار کے قریب خالی نشستیں اپنے افسروں کی راہ تک رہی ہیں۔