آئی ایم ایف جائزہ،ماحولیاتی قرضے کی منظوری خوش آئند ،میاں زاہد 

کراچی(کامرس رپورٹر)چیئرمین نیشنل بزنس گروپ پاکستان  اور ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈکی جانب سے پہلے جائزے کی منظوری خوش آئند ہے جوموجودہ حکومت کی پالیسیوں پر عالمی اداروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ آئی ایم ایف کے پہلے جائزے کی کامیابی کے علاوہ عالمی ادارے کے جائزہ مشن نے موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے ایک نئے 1.3 ارب ڈالرکے معاہدے پربھی اتفاق کرلیا ہے جوخوش آئند ہے۔ میاں زاہد حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم نے اس سلسلے میں بجا طور پر آرمی چیف کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا ہے جو نہایت خوش ائند ہے جبکہ آئی ایم ایف نے اپنے اعلامیہ میں پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کیلئے حکومتی کوششوں پراظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ 37 ماہ کے معاہدے کے پہلے جائزے اورعالمی ادارے کے اصلاحات پروگرام کے تحت 28 ماہ کا نیا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ پاکستان اورآئی ایم ایف کے مابین عملے کی سطح کا معاہدہ طے پانے کے بعد ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری  سے اس پرعمل درآمد شروع ہوجائے گا۔ ان دونوں معاہدوں کی منظوری کی صورت میں پاکستان کو 2.3 ارب ڈالرملیں گے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اس بارآئی ایم ایف پاکستان کی معیشت کوبہتربنانے کے لئے صرف قرضے دینے پراکتفا نہیں کررہا بلکہ اصلاحات کے لئے بھی دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ ملک کو بار بار کے معاشی چیلنجوں سے نجات دلائی جا سکے اور اس سلسلے میں حکومت پاکستان بھی آئی ایم ایف کے ساتھ چالاکیاں کرنے کی بجائے مکمل تعاون کر رہی ہے۔ آئی ایم ایف کی اصلاحات سے معاشی صورتحال تیزی سے بہترہورہی ہے تاہم اس سلسلے میں حکومت نے ابھی کئی مائل سٹون عبور کرنے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ حکومت کوچائیے کہ وسائل کے استعمال میں ہرممکن احتیاط سے کام لے اوراخراجات کا مقصد تعمیری ہو۔ سرمائے کے زیاں کا سلسلہ مکمل طور پربند کردیا جائے اورسیاسی مجبوریوں کے تحت کئے جانے والے اخراجات کا حجم کم ازکم رکھا جائے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے بجلی وگیس کے نرخوں میں کمی، ٹیکس ریٹ میں کمی، ریفنڈ کے معاملات کوبہتربنانا، ٹیکس نیٹ میں توسیع اورناکام سرکاری اداروں کی فروخت کوترجیح دی جائے جبکہ بجلی اور گیس کی چوری اور بل نادہندگی کو سختی سے روکا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن