ممبئی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں کمبھ کے میلے میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 40 ہوگئی اور متعدد زخمی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر پریاگ راج میں جاری کمبھ کے میلے میں لگے بیرئیرز ٹوٹ کر ہزاروں افراد کے ہجوم پر گرپڑے جس سے ہجوم میں بھگڈر مچ گئی۔ حادثہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات 2 بجے کے قریب پیش آیا جہاں دریا کنارے موجود ہزاروں لوگ بیرئیرز ٹوٹنے کی وجہ سے خوف و ہراس کا شکار ہوئے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ حادثے میں درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے تاہم حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد تقریبا28 ملین افراد نے بدھ کی صبح 8 بجے دریا میں ڈبکی لگائی اور مذہبی رسومات ادا کیں جب کہ 13 جنوری سے جاری کمبھ کے ملے میں اب تک200 ملین افراد دریا میں مذہبی رسومات ادا کر چکے ہیں۔