لاہور؍ نیو یارک؍ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ نے محسن نقوی نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس معاملے میں بھارت ملوث تھا، جلد ثبوت سامنے رکھیں گے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ چند روز میں ثبوت سمیت بریفنگ دیں گے۔ اگر ایران نے ثالثی کی کوشش کی تو مثبت ردعمل دیں گے۔ ثالثی کے معاملات کا انحصار کشیدگی کی صورتحال پر ہے۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم اب بھارت نہیں جائے گی۔ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو ردعمل ایک دو ہو گا۔ قبل ازیں محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔ وزیر داخلہ نے فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے بھارت کے غیر منطقی اور یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں پر مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا اور نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے بھی آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے اس موقع پر فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔ فضل الرحمان نے گفتگو میں کہا ہے کہ مودی مسلمان دشمن ہے، اسلام اور مسلمان کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہو جائے گا۔ دوسری جانب جے یو آئی وفد نے فضل الرحمن سے ملاقات کی، فضل الرحمن نے کہا کہ اہلیان لاہور نے مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا، اہلیان لاہور اسرائیلی مصنوعات بائیکاٹ مہم تیز کر دیں گے۔ جے یو آئی گیارہ مئی کو پشاور، 15 مئی کو کوئٹہ میں ملین مارچ کرے گی۔ علاہ ازیں جماعت اسلامی نے بھارت کے غیر منطقی اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کر دی۔ محسن نقوی نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی۔ پاک بھارت کشیدگی اور سرحدوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں سے آگاہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے بھارت کے غیر منطقی اقدامات کے تناظر میں پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کی اور بھر پور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے۔ لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے والی بھارتی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ محسن نقوی نے کہا بھارت جان بوجھ کر سازش کے ذریعے خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے، سیاسی اکابرین اور قوم بھارت کی کسی بھی جارحیت کے خلاف یکجان ہیں، پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر اور وفاقی وزیر داخلہ کے درمیان فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن سے محسن نقوی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی، سرحدوں کی صورتحال اور مسئلہ فلسطین پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر داخلہ نے جماعت اسلامی کے زیراہتمام اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ کی تحسین کی۔ انہوں نے امیر جماعت کو نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دی اور حکومتی فیصلوں سے آگاہ کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ بھارت کے غیر منطقی اور جارحیت پر مبنی اقدامات اور خصوصی طور پر سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے، پوری قوم متحد ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قومی یکجہتی کے لیے درست سمت میں فیصلے کرے۔ امیر جماعت نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں حکومت کو اصولی موقف پر مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے۔ محسن نقوی نے کہا جان بوجھ کر سازش کے ذریعے بھارت خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے۔ سیاسی اکابرین اور قوم بھارت کی کسی بھی جارحیت کے خلاف یکجان اور مسلح افواج دفاع وطن کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا وفاقی دارالحکومت میں غزہ ملین مارچ قابل تحسین اور مبارکباد کا حامل تھا۔بعض سیاسی پارٹیوں کی جانب سے کیے گئے مظاہروں میں پرتشدد اقدامات کی وجہ سے حکومت سخت فیصلے لینے پر مجبور ہوجاتی ہے، تاہم اگر مظاہرے اور احتجاج جماعت اسلامی کی طرز پر منظم اور پرامن ہوں تو حکومت کو کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ادھر اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے قونصلر جواد اجمل نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے دہشتگردی کا شکار ہے۔علاقائی حریف کی سرپرستی میں دہشت گردی کا سامنا ہے، ہمارے پاس جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر حملے کے بارے میں قابلِ اعتماد شواہد موجود ہیں، جس میں کم از کم 30 بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے، اور درجنوں کو یرغمال بنایا گیا۔ یہ حملہ اس کے علاقائی حریفوں کی بیرونی معاونت سے کیا گیا تھا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اقوام متحدہ میں دہشت گردی کے متاثرین کی ایسوسی ایشن نیٹ ورک کے آغاز کے موقع پر بیان دیتے کیا ۔انہوں نے دہشت گردی کے متاثرین کے حوالے سے بھارتی مندوب کے بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کردیا اور کہا مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے۔بھارتی مندوب نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی مظالم کے حقائق چھپانے کی کوشش کی، کوئی بھی بیان مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی ظلم کو چھپا نہیں سکتا۔