ملک میں نئے ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ سامنے آگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں ماہانہ بنیادوں پر فی اوسط 1 ہزار 79 افراد ایچ آئی وی کا شکار ہورہے ہیں، رواں سال 2024ء کے پہلے 9 ماہ میں ایچ آئی وی کے 9 ہزار 713 کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے باعث وفاقی وزارت صحت کے حکام نے اس سال 12 مہینوں کے اختتام تک ملک میں ایچ آئی وی کے 12 ہزار 950 کیسز سامنے آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، پچھلے سال ملک میں ایچ آئی وی کے 12 ہزار 731 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ وفاقی وزارت صحت حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اب تک کے ایچ آئی وی کیسز میں 69 اعشاریہ 4 فیصد مرد اور 20 اعشاریہ 5 فیصد خواتین ہیں، اب تک کےایچ آئی وی کیسز میں خواجہ سراؤں کی تعدا 4 اعشاریہ 1 اور 6 فیصد بچوں میں کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ اس سال میں اب تک پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہزار 691 ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سب سے زیادہ کیسز ضلع ڈیرہ غازیخان میں رپورٹ ہوئے جہاں 3 ہزار سے زائد افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہیں، فیصل آباد میں ایچ آئی وی متاثرین کی تعداد 2 ہزار 800 سے زائد ہے، جیلوں میں موجود 3 ہزار قیدیوں میں بھی ایچ آئی وی کا وائرس پایا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ صوبہ سندھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں 2 ہزار 383 کیسز سامنے آئے، خیبرپختونخواہ میں یہ تعداد 926 اور بلوچستان میں 329 رہی، اسلام آباد میں 9 مہینوں میں 378 اور آزاد کشمیر میں ایچ آئی وی کے 10 کیس رپورٹ ہوئے، موجودہ صورتحال میں ماہرین اور حکام نے ہائی رسک گروپس سے ایچ آئی وی عام آبادی میں منتقل ہونے کی وارننگ جاری کی ہے اور اس کی اہم وجوہات میں کم آگہی، غیرمحفوظ جنسی تعلقات اور صحت کی سہولیات میں حفاظتی اقدامات کی کمی بتائی گئی ہے۔