لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ستھرا پنجاب پروگرام کے کنٹریکٹرز کی کانفرنس کے دوران ان کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ مقامی ہوٹل میں ہونیوالی کنٹریکٹرز کانفرنس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ستھرا پنجاب کے اہداف اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز کو 3 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ تمام کنٹریکٹرز کو کارکردگی کا سہ ماہی جائزہ لینے کیلئے لاہور بلانے کا مقصد عوام کیلئے صفائی کی معیاری خدمات کی فراہمی ہر صورت میں یقینی بنانا ہے۔ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ وزیراعلی مریم نواز کا ستھرا پنجاب ویژن آج عملی شکل میں پورے صوبے میں موجود ہے۔ یہ ایک مشکل ٹاسک تھا کیونکہ صفائی کے شعبے میں آئوٹ سورسنگ کا اس سے پہلے کوئی ماڈل پاکستان میں موجود نہیں تھا۔ ستھرا پنجاب پروگرام سے اب تک اندازے سے زیادہ ایک لاکھ 13 ہزار ملازمتیں مہیا کی گئی ہیں۔ براہ راست نوکریوں کے علاوہ لاکھوں بالواسطہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 23 ہزار نئی مقامی مشینری بھی آ چکی ہے۔