صوبائی  محتسب کی چمن میں کھلی کچہری ،  شکایات کی بھر مار

چمن (نامہ نگار) صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ نے کہا کہ معیاری تعلیم،صحت کی سہولیات،انصاف تک آسان رسائی، اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ عوامی فلاح وبہبود کے د یگر اہم ترقیاتی منصوبوں کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری مشینری اور عوامی نمائندوں کے درمیان مضبوط روابط نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک روزہ دورے کے موقع پر جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر چمن کے کمپلیکس میں ضلعی افسروںکے مشترکہ اجلاس کی صدارت اور کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انچارج وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سرور بروہی ،ڈائریکٹر سعید احمد شاہوانی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل، ڈی پی او محمد علی کاسی و دیگر صوبائی و وفاقی تمام محکمہ جات کے آفیسران سمیت علاقائی و سیاسی معتبرین اور عوام کثیرتعداد میں موجود تھے۔کھلی کچہری میں علاقے کے لوگوںنے صحت کی سہولیات کی فراہمی،تعلیم،انصاف،معیاری خوراک،پینے کے صاف پانی،بجلی،نادرا ،تجاوزات،ٹریفک کے مسائل ،منشیات سمیت دیگر درپیش مسائل پر سوال اٹھائے اورتجاویز پیش کیں۔بعد ازاں صوبائی محتسب نذرمحمد بلوچ نے نیو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چمن کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالمالک اچکزئی نے ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے آگا کیا۔دریں اثناء  صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ نے گورنمنٹ مشن ماڈل گرلز سکول کا اچانک دورہ کیا۔سکول کی پرنسپل عفت رضوان نے سکول کے حوالے سے بریفنگ دی اور مسائل سے آگاہ کیا۔دورے کے دوران سکول کی خستہ حال عمارت پر صوبائی محتسب بلوچستان نے برہمی کا اظہارکیا اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام سے جواب طلبی کرتے ہوئے مذکورہ سکول کی عمارت کی تعمیر و مرمت کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر  ڈائریکٹر محتسب سعید احمد شاہوانی اور رجسٹرار سید محمد علی بھی انکے ہمراہ تھے۔

ای پیپر دی نیشن