لاہور (لیڈی رپورٹر )منہاج یونیورسٹی لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف پولیٹیکل سائنس کے زیر اہتمام ’’ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات اور علاقائی تعاون‘‘ کے موضوع پر دوسری عالمی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ماحولیاتی بحران کسی ایک ملک یا قوم کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مشترکہ چیلنج ہے جس کا حل باہمی تعاون اور اشتراکِ عمل میں پوشیدہ ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے عالمی سطح پر پائیدار پالیسیاں تشکیل دینااور قدرتی وسائل کے غیر ضروری استحصال کو روکنے کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کے مؤثر نظام اور صنعتی فضلے کے مؤثر کنٹرول جیسے اقدامات ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے ناگزیر ہیں۔ ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانا ہوگا تاکہ ہم آنیوالی نسلوں کو ایک بہتر دنیا دے سکیں۔ رہنما پیپلز پارٹی چودھری منظور نے کہا ترقی پذیر ممالک کو چاہیے کہ وہ ٹیکنالوجی، تحقیق، ماحولیاتی تعلیم اور پالیسی سازی میں ایک دوسرے سے سیکھیں اور مشترکہ اقدامات کریں تاکہ ماحول دوست اور دیرپا حل تلاش کیے جا سکیں۔