کراچی (کامرس رپورٹر)تھانہ محمود آباد کے علاقے چنیسر گوٹھ کے قریب اتوارکی علی الصبح پولیس اور منشیات ڈیلر کے درمیان مقابلہ ہوا۔کار سوار ملزم بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کر رہا تھا۔ پولیس کی جانب سے رکنے کا اشارہ کرنے پر ملزم نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد بدنامِ زمانہ منشیات ڈیلر شیر محمد عرف شیرا ولد محمد سلیمان خاصخیلی کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن، دو عدد موبائل فون اور زیرِ استعمال کار(نمبر BSS-866)برآمد کر لی گئی۔جبکہ کار کی ڈگی سے لاکھوں روپے مالیت کی دو من سے زائد 98کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس بھی تحویل میں لی گئی ہے۔ گاڑی کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔