یوتھ سنیٹرکا افتتاح : شہریوں کا جماعت اسلامی پراعتماد ‘ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے ‘ منعم، ظفر خان

کراچی(کامرس رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد، وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی، نائب امیر ضلع شرقی انجینئر عزیز الدین ظفر کے ہمراہ کراچی میں اپنی نوعیت کا پہلا سینٹر، اوپن ائیر جم، انڈور گیم،لائبریری پر مشتمل ’’گلشن یوتھ سینٹر ‘‘کا افتتاح کردیا۔ بعدازاں ٹیبل ٹینس، لائبریری اور اوپن ائیر جم کا دورہ بھی کیا۔منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلشن اقبال ٹاؤن کی جانب سے یوتھ سینٹر کا قیام یوتھ کے لیے بہترین تحفہ ہے۔ نوجوان ہمارے ملک کا 65 فیصد حصہ ہیں،اوپن ائیر جم، لائبریری اور انڈور گیم ہر نوجوان کی ضرورت ہے۔ نوجوان طبقے کے لیے تعلیم اور صحت کی سرگرمیاں فراہم کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر پارک اور ڈائریکٹر لائبریری کو نوجوانوں کے لیے یوتھ سینٹر قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔شہر میں بے شمار مسائل ہیں، پانی و بجلی موجود نہیں، شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے۔ کراچی کے شہریوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے، ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور بقیہ اختیارات و وسائل جدوجہد اور مزاحمت سے حاصل کریں گے۔شہر ٹیکس دیتا ہے، شہر میں رہنے والوں کا حق ہے کہ انہیں بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں۔ جدوجہد اور مزاحمت کا طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ 2001 تا 2005 تک جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے ریکارڈ اور مثالی کام کروائے تھے۔  2005 کے بعد شہر کو ایسے لوگوں کے حوالے کیا گیا جو کرپشن اور لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں جانتے۔ گلشن اقبال ٹاؤن نے اپنے ٹاؤن میں 100 فیصد سرکاری سکولز کو بحال کیا ہے۔  45 اسکولز جو بلدیات کے تحت ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ ان سکولز کو اپ گریڈ کر کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم دی جائے۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز نے 50 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس لگائی ہیں۔نعیم اختر نے کہاکہ یوتھ سینٹر کے قیام پر گلشن اقبال ٹاؤن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔  صفورہ ٹاؤن بھی گلشن ٹاؤن کی طرح ہمارا ہی ہے لیکن صفورہ ٹاؤن کی چیئرمین شپ ہم سے چھین لی گئی۔  آئندہ آنے والے دنوں میں پراپرٹی ٹیکس ٹاؤن کی سطح پر جمع کیے جائیں گے۔  جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین عوام کے پیسوں کو عوام پر ہی خرچ کریں گے۔ گلشن اقبال میں 38 پارکس ہیں جس میں سے 18 کا افتتاح ہوچکا ہے ۔ٹاؤن کی انتظامیہ اور پوری ٹیم کا عزم ہے کہ گلشن اقبال کو گلشن بنائیں گے اور یہ تمام ٹاؤنز میں سے بہترین ٹاؤن بنے گا۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی گلشن اقبال کے عوام جماعت اسلامی کے نمائندے کو ہی منتخب کریں گے۔ڈاکٹر فوادنے کہاکہ ہم عوامی خدمت کے ایک اور سنگ میل کو عبور کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی ٹیم اور ٹاؤن کی جانب سے گلشن اقبال ٹاؤن کے نوجوانوں کے لیے یوتھ سینٹر تحفہ ہے۔تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی انجینئر عزیز الدین ظفر، سینئر ڈپٹی سکریٹری صہیب احمد،سکریٹری ضلع شرقی نعمان صدیقی، یوسی 6 کے چیئرمین حافظ ناصر اشفاق، یوسی 4 چیئرمین فیاض الحق ،یوسی چیئرمین 3 عبد الماجد، انچارج لائبریری محترمہ طلعت ، ٹاؤن کونسلر صائمہ اعجاز ودیگر بھی موجودتھیں۔

ای پیپر دی نیشن