لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈپٹی پرائم منسٹر سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حضرت داتا گنج بخش کے مزار اقدس پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ان کا استقبال کیا اور دربار شریف پر جاری ترقیاتی کاموں کی بابت بریفنگ دی۔ ڈپٹی پرائم منسٹر نے دربار شریف کی تعمیر نو اور دربار سے متصل مسجد کے صحن میں حرمِ نبوی کی طرز پر ہائیڈرولک کنوپیز/چھتریوں کی تنصیب کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ داتا دربار میں کینوپیز کی تنصیب کا منصوبہ خطے میں ایک منفرد حیثیت کا حامل ہے، جس کی قبل ازیں مثال میسر نہیں۔ داتا دربار کے پراجیکٹس کی بَر وقت تکمیل کے لیے مقررہ ٹائم لائن کو پوری سپرٹ کے ساتھ یقینی بنایا جائے۔ مزار شریف کے سْپر سٹرکچر میں معیار اور رفتار کو ہمہ وقت پیش نظر رکھا جائے۔ 650ملین کی خطیر رقم سے ہائیڈرولک کینوپیز کی تنصیب ایک منفرد اور تاریخ ساز پراجیکٹ ہے، جو زائرین کے لیے بہترین سہولت کی فراہمی کا باعث ہو گا۔ ذیلدار روڈ اور دربار روڈ کی جانب توسیع کے امور کو بھی جلد حتمی شکل دی جائے اور اس ضمن میں مجوزہ لینڈ کے حصول کے لیے تمام وسائل اور جملہ توانائی بروئے کار لائی جائے۔ سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے اپنے 21ویں اجلاس میں مذکورہ پراجیکٹ کے لیے 650ملین کی منظوری دیتے ہوئے 200ملین کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ کنسلٹنٹ کے طور پر نیسپاک کی طرف سے پیش کردہ بڈنگ ڈاکیومنٹس کے مطابق اشتہار/ٹینڈر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق 8مئی کو بڈز اوپن ہوں گی۔