اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)مسلم لیگ ضیا کے سربراہ رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کی جس سے کوئی فرق نہیں پڑا لیکن پاکستان کو مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے اور ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس میں شرکت کر کے دوٹوک موقف اپنانا چاہیے پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی صوبے کے وزیراعلیٰ نے عوام کے ہمراہ مرکز پر چڑھائی نہیں کی،لیکن گذشتہ دنوں میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے نہ صرف مرکز پر چڑھائی کی بلکہ دھرنے میں شریک رہے۔دھرنے کے دوران جمہوریت کے خلاف بڑی سازشیں ہوئیں لیکن آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان مواقعوں پر جمہوریت کو مضبوط کرنے پر مثبت کردار ادا کیا۔وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ سے جنگ کا اعلان کردیا ہے،پاکستان کو چاہیے کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے حالات خراب ہیں،ملک حالت جنگ میں ہے،بھارت نے ایل او سی پر مسلسل فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھ کر جنگ کا اعلان کیا ہے۔