کوئٹہ+ پشین+بنوں (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی کے قریب بم دھماکے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ پشین میں نو شدت پسند اور بنوں میں 6 خوارج ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکہ نواحی علاقے مارگٹ میں بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی کے قریب ہوا۔ شہید ہونے والوں میں صوبیدار شہزاد امین، نائب صوبیدار عباس، سپاہی خلیل اور سپاہی زاہد جبکہ زخمیوں میں لانس نائیک ظفر، لائنس نائیک فاروق اور سپاہی خرم سلیم شامل ہیں۔ فورسز کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں، شہید اہلکاروں کی نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر پشین کے علاقے فناٹی بابا میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں 9 حملہ آور ہلاک ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق یہ شرپسندی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ سرچ آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہیں۔بنوں میں بیسک ہیلتھ یونٹ کے قریب بارودی مواد کا دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہل کار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت پولیو مہم سے رہ جانے والوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے تھے۔