اسلام آباد (وقائع نگار) بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا کیس معمہ بن گیا۔ جیل ملاقات سے متعلق توہین عدالت کون سنے گا تاحال فیصلہ نہ ہو سکا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے ملاقات کی۔ علیمہ خان، ایم این اے علی محمد خان بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود تھے۔ قائم مقام چیف جسٹس کے چیمبر میں ملاقات 30 منٹ تک جاری رہی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملاقات کی بعد گفتگو میں کہا کہ ہم نے اپنی تمام گذارشات چیف جسٹس کے سامنے رکھی ہیں، علیمہ خان نے تفصیل سے فیملی ملاقاتوں سے متعلق بتایا ہے۔ انہیں بتایا ہے کہ کتنے عرصے سے ملاقات نہیں ہورہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کے لیے چیف جسٹس کو استدعا کی ہے، چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد ایک امید پیدا ہوگئی ہے، منگل کو فیملی اور وکلا کی ملاقات ہو جائے گی۔