5 سال بعد بحال خوشحال خٹک ایکسپریس پہلے روز ہی پٹڑی سے اتر گئی

جیکب آباد (این این آئی) 5 سال بعد شروع ہونے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس افتتاح کے دن ہی پٹڑی سے اتر گئی، 2بوگیوں کو کاٹ کر ٹرین کو منزل کی طرف روانہ کردیا گیا، امدادی ٹیمیں ٹریک کی بحالی میں سرگرم۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے کی جانب سے 5سال بعد شروع کی جانے والی خوشحال خٹک ایکسپریس افتتاح کے روز ہی پٹڑی اتر گئی ، کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خٹک ایکسپریس 5 سال بعد جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر پہنچی جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے اس کا استقبال کیا اور ٹرین پر پھول نچھاور کرکے خوشی کا اظہار کیا، خوشحال خٹک ایکسپریس جسے ہی جیکب آباد ریلوے اسٹیشن سے پشاور کے لیے روانہ ہوئی تو ریلوے اسٹیشن کے قریبی علاقے چنہ محلہ کے مقام پر ٹرین کی آخری بوگی پٹڑی سے اتر گئی، ٹرین کی بوگی کے پٹڑی سے اترنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، امدادی ٹیموں نے پہنچ کر ٹرین کی آخری دو بوگیوں کو کاٹ کر ٹرین کو اپنی منزل کی طرف روانہ کردیا ، ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے امدادی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں اور ٹریک کو بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن