حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد رشید اور الیکشن آفیسر عارفہ اصغر نے کہا ہے کہ انتخابات اور ملک میں جمہوری عمل کو مستحکم بنانے کے لیے نوجوانوں کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔نوجوان اپنے ووٹ کے درست استعمال سے ملک میں آزاد ،شفاف اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے حکومتوں کے قیام میں عملی طور پر حصہ لیکر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ووٹ کے اندراج کے حوالے سے یوتھ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ سیمینار میں مختلف محکموں کے افسران ، نمائندوں ،سماجی تنظیموں کے راہنمائوں اور نوجوانوں ووٹرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد رشید اور الیکشن آفیسر عارفہ اصغرکاکہنا تھا کہ ہمارے ملک میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ووٹ کی اہل ہو چکی ہے،لیکن بعض حلقوں میں نواجوں کی عدم دلچسپی کے باعث ٹرن آئوٹ توقعہ سے کم رہتا ہے ۔