گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)چھ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر سول ہسپتال اور میڈیکل کالج کے سیکیورٹی گارڈ سڑکوں پر نکل آئے۔گھروں میں فاقے اور بچے بھوکے پیاسے ہیں۔وزیراعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ سول ہسپتال اور میڈیکل کالج کے سکیورٹی گارڈز کو مبینہ طور پر گزشتہ چھ ماہ سے تنخواہیں نہیں مل رہی تھیں جس پر سکیورٹی گارڈز سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے شدید احتجاج کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چھ ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے انکے گھر میں فاقوں کا عالم ہے۔ بارہ بارہ گھنٹے ڈیوٹی ہم سے لی جا رہی ہے۔لیکن چھ ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جا رہیں۔قرض اٹھا کر گھر کا گزارا کر رہے ہیں۔اب تو صورتحال یہ ہوچکی ہے کہ محلے کے دکاندار ادھار چیزیں نہیں دے رہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد بار اعلی حکام سے تنخواہیں دینے کے لئے اپیل کی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے پرزور اپیل کی ہے کہ اس معاملہ کا نوٹس لیکر انہیں تنخواہیں دلوائی جائیں۔