اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے پشاور میں ادارے کے صوبائی صدر دفتر کا دورہ کیا اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے غریب اور ضرورت مند افراد کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ایمڈی پاکستان بیت المال سینیٹر شاہین خالد بٹ نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال صوبہ خیبر پختونخواہ کے پسماندہ اور دورافتادہ علاقوں کے غربت سے متاثرہ افرا د کی امداد اور بحالی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھتے ہوئے انہیں مزید موثر اور جامع بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر صوبے کو غربت کی دلدل سے نکالتے ہوئے خوشحال اور مستحکم بناناوفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جس پر عمل درآمد کے لیے پاکستان بیت المال سماجی تحفظ کے میدان میں اپنا نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں رہے گا۔ انہوں نے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ پاکستان بیت المال سے وابستہ تمام ضرورت مند افراد کی عزت ِ نفس کا خیال کرتے ہوئے ان کی جلد از جلد داد رسی کو ممکن بنایا جائے۔ اس موقع پر صوبے کے غریب افراد کے لیے مزید ممکنہ اقدامات کے ساتھ ساتھ ادارے موجودہ فلاحی سرگرمیوں میں وسعت کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ بعد ازاں ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے مردان میں سویٹ ہوم کا بھی دورہ کیا۔ وہ یہاں بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور انہیں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔