یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین اور آؤٹ لیٹس پروڈکٹیویٹی کی بہتری کیلئے کمیٹی تشکیل 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن  کے حوالے سے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر نگرانی ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ نے بھی شرکت کی اور اہم تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹورز کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے مشاورت کی گئی اور اس کے مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ضروری اقدامات اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین اور آؤٹ لیٹس کی پروڈکٹیویٹی کو بہتر بنانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی تنظیم نو کے لیے کئی نجی کمپنیاں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے حوالے سے تمام فیصلے شفافیت کے ساتھ کیے جائیں گے اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مستقبل کا حتمی فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن