نوجوانوں کو انٹرنیٹ کیلئے حکومت سے مزاحمت کرنا ہو گی، موٹرویز نہیں اب براڈ بینڈ انٹر نیٹ انفراسٹرکچر: بلاول

سکھر+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہائی سپیڈ انٹرنیٹ نوجوانوں کا حق ہے، ڈیجیٹل رائٹس کیلئے حکومت کے سامنے مزاحمت کرنا ہو گی۔ اب موٹرویز انفراسٹرکچر نہیں رہے، اب براڈ بینڈ انٹرنیٹ انفراسٹرکچر ہے، اب نوجوانوں کو اپنا حق حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ آئی بی اے (انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ) سکھر کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کامیاب ہونے والے، ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، فخر کے ساتھ کہہ رہا ہوں شہید بینظیر بھٹو نے سکھر آئی بی اے کی بنیاد رکھی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آئی بی اے سکھر قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک تعلیمی ادارہ بن کر ابھرا، ہم دنیا بھر کی تعلیمی رینکنگ میں اپنی پوزیشن بنارہے ہیں، اس تعلیمی ادارے میں سری لنکا کے طلبہ بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کوئی آپ سے سب کچھ چھین سکتا ہے لیکن آپ کی تعلیم نہیں۔ شہید بے نظیر بھٹو نے آمروں کے سامنے مزاحمت کی، جمہوریت کسی نے تحفے میں نہیں دی، سارے بندوقوں والوں کو ہم نے شکست دی۔ اسلام آباد میں جو بزرگ بیٹھا ہے اسے سمجھائیں گے، پرانا نوکیا موبائل استعمال کرنے والوں کو نوجوانوں کے حق کا کیا پتا؟ اسلام آباد میں پرانے بزرگ کو واٹس ایپ، نیٹ فلکس، گیمنگ کا کیا پتا؟، ہمیں ان سے اپنا حق چھیننا ہے، جمہوری اور پرامن طریقے سے ڈیجیٹل بل آف رائٹس کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی، نوجوانوں کو اپنا ڈیجیٹل بل آف رائٹس چاہیے تو مجھے تجاویز دیں۔  اسی ٹوٹے، پھوٹے نظام میں رہ کر جدوجہد کر کے نوجوانوں کو حق دلوائیں گے، دنیا میں سب سے پہلا کمپیوٹر وائرس لاہور کے دو بچوں نے بنایا تھا۔ ہم نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کو سمجھنا اور مقابلہ کرنا ہے، افسوس وفاقی بجٹ میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے کوئی پلاننگ نہیں، 70 سال کے بابو بیٹھ کر بجٹ پاس کرواتے ہیں، دنیا میں 10 ممالک ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے میں ہیں، ان میں پاکستان بھی شامل ہے، ہم ان ممالک میں شامل ہیں جو ڈوب جائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پورے بجٹ کو پھاڑ کر نیا بجٹ بنانا پڑے گا، 70 سال کے بابو بیٹھ کر بجٹ بناتے ہیں، ان سے بھی زیادہ بزرگ سیاست دان شور مچا کر بجٹ منظور کراتے ہیں، ترقی یافتہ ممالک نے اپنی انڈسٹری چلانے کے لیے دنیا کا ماحول خراب کیا۔دریں اثناء بلاول بھٹو نے بابائے قوم کے 148 ویں یوم پیدائش پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد وطن کے حصول کیلئے ان کی انتھک محنت کو اور جدوجہد کو سراہتے ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس ہمدردی‘ خوشی اور غور و فکر کا موقع ہے۔ یہ ہمیں محبت‘ امن اور ہم آہنگی جیسے اقدار کی یاد دلاتی ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن میں جیتنے والے احمد شاہ‘ اعجاز فاروق پینل اور اس کے امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔  

ای پیپر دی نیشن