قائداعظمؒ نے سیاسی جدوجہد سے تاریخ بدلی:    صدر، متعدد سفیروں نے اسناد پیش کیں 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے  148 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  آج کے دن ہم بابائے قوم کی قوم کیلئے خدمات پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ قائد اعظم نے ایک سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ  کا دھارا بدلا۔ قائداعظم  کے وژن، عزم اور استقلال کی بدولت ہی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کا قیام ممکن ہو سکا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 148 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری تاریخ کے ایک نازک ترین دور میں قائداعظم کی قیادت ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اگرچہ ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے لیکن ایک خوشحال اور انصاف پر مبنی قوم بننے کا سفر ابھی جاری ہے۔ قائد اعظم کے ایک جمہوری اور خود کفیل پاکستان کے وژن کے حصول کیلئے ہمیں سماجی انصاف، معاشی مساوات اور قانون کی حکمرانی کی اقدار برقرار رکھنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء صدر آصف علی زرداری کو رومانیہ، صومالیہ، نیپال، جاپان اور بنگلہ دیش کے سفراء نے سفارتی اسناد پیش کر دیں۔ صدر مملکت نے نامزد سفراء کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ امید ہے کہ نامزد سفراء  تجارت، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں گے۔ نامزد سفراء کو ایوان صدر پہنچنے پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن