لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کل سنچورین میں کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کیخلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیاہے۔ٹیم قیادت ٹمبا باووما کریں گے جبکہ ٹیم میں ٹونی ڈی زورزی، ایڈن مارکرم ، ریان ریکلٹن ، ٹرسٹن سٹبز ، ڈیوڈ بیڈنگھم ، کائل ویرائنے، مارکو یانسن، کاگیسو ربادا، ڈین پیٹرسن اور کاربن بوش شامل ہیں۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے متعلق ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی خواہش ہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی ٹیم کا حصہ ہوں۔انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے محض 3 رنز درکار ہیں، انہیں پہلے ٹیسٹ کی ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔آؤٹ آف فارم اوپنر عبداللہ شفیق جو 3 ون ڈے میچو ں میں مسلسل 3 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے، اب انہیں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کپتان شان مسعود صائم ایوب کیساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔شان مسعود اس وقت ٹیسٹ ٹیم میں نمبر 3 پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہیں، البتہ اوپنر کھیلنا ان کیلئے نیا تجربہ نہیں ہوگا۔ شان مسعود نے بطور اوپنر ہی کیریئر شروع کیا تھا۔