قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور کے زیراہتمام معذور افراد میں ووٹ کے حوالے سے آگاہی سمینارکاانعقادکیاگیا۔ اجلاس میں سوشل ویلفیئر سمیت مختلف محکموں کے افسروں اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور تنویر احمد اور الیکشن آفیسر ہما صفدر کاکہناہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خصوصی افراد کے ووٹ کے اندراج اور پولنگ ڈے کے موقع پر ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ ہمارے معاشرے کے یہ خصوصی اور اہم افراد بھی اپنا حق رائے دہی آزادانہ اور شفاف طریقے سے استعمال کرسکیں۔معاشرے کے تمام افراد کو سہولیات کی فراہمی، ووٹ کے اندراج اور بالخصوص انتخابات کے روز بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔