اسلام آباد ( نوائے و قت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورہ پر آذربائیجان پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر 24 سے 25 فروری 2025ء تک جمہوریہ آذربائیجان کے 2 روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ باکو ایئر پورٹ پرآذر بائیجان کے اول نائب وزیر اعظم اور نائب وزیر خارجہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ملکوں کے سفیر بھی موجود تھے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا مارچ 2024ء میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے آذربائیجان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔ بیان کے مطابق دورے کے دوران دونوں فریقین توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع تر بات چیت کریں گے۔ اس دورے کے دوران دونوں فریقین کے درمیان تعاون کے کئی شعبوں میں متعدد مفاہمت کی یادداشتوں، معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم جمہوریہ آذربائیجان کی ایکسپورٹ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی کے تعاون سے منعقد ہونے والے بزنس فورم کے دوران ایک کلیدی خطاب بھی کریں گے۔ وزیر اعظم آذربائیجان کے صدر کے ساتھ آزاد کرائے گئے علاقوں کاراباخ کے خصوصی دورے کے ایک حصے کے طور پر فزولی (کاراباخ) بھی جائیں گے۔ آذربائیجان کے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کے پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ باکو کے خوبصورت شہر میں اترا ہوں جو ماضی اور مستقبل کا حسین امتزاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر برف کی چادر تلے اور بھی دلکش لگتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مفید بات چیت کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے بھی خواہاں ہے۔