لاہور (نیوز رپورٹر)پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا جبران نے فیکٹریوں میں ناکافی حفاظتی انتظامات کی وجہ سے ہونے والے حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا مزدوروں کی زندگیوں کو کسی بھی صورت میں غفلت یا ناکافی حفاظتی اقدامات کی وجہ سے خطرے میں نہیں ڈالا جانا چاہیے۔انہوں نے گزشتہ دنوں میں سٹیل مل ایمن آباد گوجرانوالہ میں پیش آنیوالے دردناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جس میں 4 مزدور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 2 مزدور شدید زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حادثہ بوائلر میں عدم توازن کی وجہ سے پیش آیا جس کے باعث پگھلا ہوا لوہا مزدوروں پر گر گیا۔ حادثہ ایک سنگین مسئلے کی طرف اشارہ کرتا ہے جو ہماری صنعتوں میں موجود ہے۔ ہماری صنعتوں و فیکٹریوں میں مزدوروں کی حفاظت کیلئے کی جانیوالی حفاظتی تدابیر کا فقدان ہے۔