کراچی(آئی این پی ) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے صحافی فرحان ملک کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ایف آئی اے نے دو روز قبل سینئر صحافی فرحان ملک کو پیکا قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد اب انہیں4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔فرحان ملک کے وکیل نے ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے ہائیکورٹ کے حکم کے برعکس کارروائی کی ہے۔ دوسری جانب ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ )اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے فرحان ملک کی گرفتاری کی مذمت کی گئی ہے۔ ایمنڈ نے ایف آئی اے کی کارروائی کو بدنیتی قرار دیتے ہوئے فرحان ملک کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پہلے ہی بتایا تھا پیکا قانون کو صحافیوں کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔