سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ بدھ 23 اپریل سے اجازت نامے کے بغیر، مملکت میں مقیم افراد کو مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس فیصلے سے وہ افراد مستثنیٰ ہوں گے جن کے پاس مکہ مکرمہ میں کام کا اجازت نامہ ہو، مکہ مکرمہ سے جاری شدہ اقامہ ہو اور یا حج کا باقاعدہ اجازت نامہ موجود ہو۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جو افراد اس حکم کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں سکیورٹی چیک پوائنٹس پر واپس بھیج دیا جائے گا۔سعودی پبلک سکیورٹی نے تصدیق کی ہے کہ حج کے انتظامات اور ضوابط پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کے تحت وہ تمام مقیم افراد جو مکہ مکرمہ میں داخل ہونا چاہتے ہیں، انھیں متعلقہ حکام سے اجازت نامہ حاصل کرنا لازم ہو گا۔ یہ ضوابط بدھ 25 شوال 1446ھ، مطابق 23 اپریل 2025ء سے لاگو ہوں گے۔ جن افراد کے پاس اجازت نامہ نہیں ہو گا، انھیں مکہ مکرمہ کے راستے میں قائم سکیورٹی چیک پوائنٹس پر روک دیا جائے گا۔پبلک سیکیورٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ حج 1446ھ کے لیے ترتیب دی گئی ہدایات کے مطابق، ان تمام گاڑیوں اور مقیم افراد کو واپس بھیج دیا جائے گا جن کے پاس نہ مقدس مقامات میں کام کا اجازت نامہ ہو گا، نہ مکہ مکرمہ سے جاری اقامہ ہو گا اور نہ حج کا اجازت نامہ ہو گا۔