دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش مند ہے سفیر آزربائیجان

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے پاکستان کے مثبت امیج کو نمایاں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک بشمول آذربائیجان میں پاکستان کے بارے میںیہ عام تاثر ہے کہ یہ ایک محفوظ ملک نہیںتاہم یہ تاثراُس وقت غلط ثابت ہو تا ہے جب غیر ملکی پاکستان کا دورہ کرتے ہیں اور اس ملک کو ایک محفوظ اور خوبصورت ملک کے طور پر دیکھتے ہیں۔ پاکستان اکیس کروڑ کی آبادی کے ساتھ ایک پرکشش مارکیٹ ہے جہاں ہر چیز ہی سپلائی کی جاسکتی ہے۔ ہم آزربائیجان کے سفارتخانے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے لئے کافی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس کا دورہ کرتے ہوئے باہمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک، سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق، نائب صدر ریحان حنیف اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ آزربائیجان کے سفیر نے کراچی کی تاجروصنعتکار برادری کو باکو میں قائم فری ٹریڈ زون میں صنعتی یونٹس لگانے کے لیے مدعو کیا۔ انہوںنے قابل بھروسہ شراکت دار کی تلاش میں کے سی سی آئی سے تعاون طلب کیا تاکہ آزربائیجان میں ٹیکسٹائل اور چاول کی سپلائی کے حوالے سے درست پارٹنر میسر آسکے۔ کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک نے اس موقع پر کہاکہ مالی سال 2017 کے دوران پاکستان نے17.06ملین ڈالر کی اشیاء برآمد کیں جبکہ درآمدات 0.04ملین ڈالر رہیں۔ مفسر ملک نے کہاکہ کراچی کی تاجروصنعتکار برادری آزربائیجان کر ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش مند ہے اس ضمن میں کے سی سی آئی آزربائیجان کے سفارتخانے کے تعاون سے تاجروں کے ملاپ میں مدد فراہم کرسکتا ہے اور ساتھ مل کر اس امر کا بھی جائزہ بھی لیا جاسکتا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن