اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ میں مزید دو ججوں کی تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمشن کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ خان آفریدی نے 8 اپریل کو جوڈیشل کمشن کا اجلاس طلب کیا۔ سپریم کورٹ میں دو ججز لاہور ہائی کورٹ سے لانے پر غور ہوگا اور اس کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے 5 سینئر ججوں کے ناموں کو زیر غور لایا جائے گا۔ جوڈیشل کمیشن کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان کی جانب سے درخواست بھی دائر کردی گئی۔ جس میں انہوں نے استدعا کی ہے کہ کمشن میرے بارے میں جولائی 2024ء کے اجلاس میں دیے گئے ریمارکس میٹنگ منٹس سے حذف کرے۔ جسٹس شجاعت علی خان کی درخواست بھی جوڈیشل کمشن اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلی گئی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ، بلوچستان ہائی کورٹ، پشاور ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی غیر موجودگی میں سابق چیف جسٹس کو جوڈیشل کمشن کا ممبر نامزد کرنے کا معاملہ زیر غور لایا جائے گا۔