لاہور(سپورٹس رپورٹر) ملتان سلطانز پی ایس ایل 10 میں اپنی پہلی جیت کی منتظر ہے۔ وہ آج ہوم گراؤنڈ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے مدمقابل ہوگی۔ میچ رات 8 بجے شروع ہو گا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائیگا۔ملتان سلطانز کے کھلاڑی ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت حاصل کرنے کیلئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔ملتان سلطانز کل بدھ کے روز ملتان ہی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹڈ کیخلاف میچ کھیلے گی جس کے بعد اس کے اگلے دو میچ لاہور میں اور پھر آخری تین لیگ میچ ملتان میں کھیلے جائیں گے۔لاہور قلندرز نے گزشتہ روز ٹریننگ سیشن سے آرام کیا۔لاہور قلندرز نے ملتان میں مسلسل تین روز ٹریننگ سیشن کیے۔ لاہور قلندرز کو شاہین شاہ آفریدی لیڈ کر رہے ہیں اور دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں فخر زمان،حارث رئوف،سیم بلنگز،ٹام کیوران ،کوسل پریرا،ڈیرل مچل ،آصف علی اورسکندررضا شامل ہیں۔ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان کی زیر قیادت میدان میں اتریگی دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں مائیکل بریسویل،ڈیوڈ ویلی،شائی ہوپ،کرس جارڈن،محمد حسنین،اوسامہ میر،عثمان خان،افتخار احمد اور کامران غلام شامل ہیں۔دونوں ٹیموں کے کپتان جیت کیلئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں ۔آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر پاکستان سپر لیگ 2025 میں ویسٹ انڈیز کے گڈاکیش موتی کی جگہ ملتان سلطانز کے سکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔ موتی ذاتی معاملے میں شرکت کے سبب گیانا واپس چلے گئے ہیں۔