محکمہ بلدیات نے بہترمیونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدیں


لاہور(خبر نگار) محکمہ بلدیات نے لوکل گورنمنٹ سطح پر میونسپل سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر نعیم رؤف کی ہدایات پر کمیٹیوں کے ٹی ای او آرز ڈیفائن کر کے آرڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جاری کردہ آرڈرز کے مطابق چیف آفیسر،میونسپل آفیسر آئی اینڈ ایس اور میونسپل آفیسر فنانس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔یہ کمیٹیاں ہر لوکل گورنمنٹ اور یونٹ میں قائم کی گئی ہیں جو گزشتہ 5سالوں میں میونسپل سروسز کی فراہمی پر خرچ ہونے والے بجٹ کا جائزہ لیں گی کمیٹیاں لوکل لیول پر میونسپل سروسز کی بلاتعطل فراہمی کیلئے فوری سروے کریں گی۔سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر نعیم رؤف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہر کمیٹی متعلقہ حدود میں سٹریٹ لائٹس،واٹر سپلائی، پارکس،سیوریج سسٹم اور فلٹریشن پلانٹس کی دستیابی بارے بھی رپورٹ کریں گی 2018سے مارچ 2022تک استعمال ہونے والے فنڈز کی مکمل  رپورٹ تیار کی جائے گی جس سے مستقبل میں میونسپل سروسز کے پلان کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اس سلسلے میں ہر کمیٹی متعلقہ حدود کا سروے کر کے رپورٹ سیکشن آفیسر ڈویلپمنٹ کو جمع کروائے گی۔سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر نعیم رؤف نے مزید کہا کہ بنیادی ضروریات کی  فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل کا استعمال کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن