اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) وزارت بین الصوبائی رابطہ کئی ماہ گزرنے اور عدالتی احکامات کے باوجود پاکستان سپورٹس بورڈ کے افسران سے لاکھوں روپے کے اضافی الاونسز واپس لینے میں ناکام ہو گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے آڈٹ و اکاونٹس افسران کو 20فیصد اضافی الاونس دینے کے پی ایس بی کے فیصلے کیخلاف نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) نے گزشتہ سال جون میں حکم جاری کیا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے شعبہ آڈٹ و اکاونٹس افسران کو 20فیصد اضافی الاونس دینے کا عمل فوری طور پر بند کرنے سمیت ان افسران کو قومی خزانہ سے 2014سے لیکرسال2019تک دیئے جانیوالے اضافی الاونسز کو بھی واپس لیا جائے تاہم پی ایس بی نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی ایما پر معاملے کو دبا دیا اور تاحال غیر قانونی طور پر قومی خزانہ سے لاکھوں کے الاونسز کی ری کوری بھی نہیں کروائی جا سکی ۔ان افسران میں شیخ اسماعیل ، وجے کمار، عطا اللہ ، محمد عثمان ، عبد المجید، رفیق احمد پیرزادہ ، راجہ غضنفرسمیت دیگر افسران شامل ہیں ۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان اعظم ڈار نے بتایا کہ پی ایس بی کے آڈٹ اور اکاونٹس کے عملے کواضافی الاونسز دینے کا فیصلہ سال2014میں پی ایس بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دیا گیا تھا تاہم عدالتی حکم پر عملدرآمد کروانے کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ اقدامات کر رہا ہے اور طریقہ کار پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔