سرینگر (آئی این پی‘ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے ممتاز مذہبی سکالر علامہ آغا سید محمد باقر الموسوی سرینگر میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ علامہ باقر الموسوی کو ان کی فکری بصیرت‘ انکساری اور کشمیری مسلمانوں کی دینی و سماجی رہنمائی میں مرکزی کردار کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔ علامہ باقر الموسوی کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے بڈگام میں ادا کی گئی جس میں عوام کے ساتھ اعلیٰ سیاسی و سماجی شخصیات اور وزیراعلیٰ کشمیر نے بھی شرکت کی۔ بھارت کے غیرقانونی طور پر زیرتسلط جموں و کشمیر میں پولیس نے نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ضلع بارہ مولہ میں مزید دو کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ لال پورہ لاریڈورہ کے رہائشی عبداﷲ شاہ بخاری کی 1 کنال اور 10 مرلہ اراضی اور تکیہ یوسف شاہ میں غلام رسول چوپان کی 13 مرلہ اراضی ضبط کی گئی۔ سرینگر میں ایک فوجی بنکر پر درخت گرنے سے بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔