لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنگلادیش کی حکومت نے کرکٹ بورڈ کو ٹیم پاکستان بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔بنگلادیش بورڈ پاکستان کے دورے سے متعلق حتمی اعلان کل کرے گا۔ کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں سے رابطہ کرکے رائے لے رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ دورے کا نیا شیڈول بنگلادیشی بورڈ کو بھیج چکا ہے۔ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 5 ٹی 20 میچوں کی سیریز 27 نومبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان کیلئے گرین سگنل ملا تھا۔بی سی بی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہمیں (حکومت کی طرف سے) گرین سگنل مل گیا ہے۔ حالانکہ ہمیں ابھی تک آفیشل لیٹر موصول ہونا ہے جس کی ہمیں توقع ہے لیکن جہاں تک میں جانتا ہوں حکومت نے اصولی طور پر فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اہلکار کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے آفیشل لیٹر ملنے کے بعد ہم اپنے کھلاڑیوں سے بات کرنا شروع کر دینگے کیونکہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ان میں سے کچھ سکیورٹی وجوہات کی بناء پر سفر کرنے سے گریزاں ہیں۔