مصباح  الحق ، سرفراز احمد کی سلیکشن کمیٹی میں شمولیت متوقع: اقبال قاسم  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر اور چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا مصباح اور سرفراز کی سلیکشن کمیٹی میں شمولیت امید کی کرن ہے۔ جب تک گراس روٹ لیول سے کام شروع نہیں کیا جائے گا، بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔ پی ایس ایل کے دوبارہ آغاز نے دشمن عناصر کو واضح پیغام دیدیا ہے۔ پاکستان پچھلے چند سالوں میں ٹیسٹ فارمیٹ میں زوال کا شکار ہوا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کا نویں نمبر پر ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ اس وقت جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ محض سطحی نوعیت کے ہیں جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جڑ سے کام کیا جائے تاکہ کرکٹ کا پورا نظام مضبوط ہو۔ نئے کوچز کی آمد اور مصباح الحق و سرفراز احمد جیسے تجربہ کار افراد کی سلیکشن کمیٹی میں شمولیت امید کی کرن ہے لیکن جب تک نچلی سطح یعنی سکول، کالج، ضلعی اور علاقائی سطح پر کام نہیں ہوتا، اس وقت تک بڑی تبدیلی ممکن نہیں۔ تینوں فارمیٹس کیلئے الگ الگ سکواڈ بنانے کے سوال پر جواب دیتے ہوئے اقبال قاسم نے کہا یہ عمل پہلے سے جاری ہے۔ ہر فارمیٹ کیلئے مختلف ٹیمیں بنائی جا رہی ہیں، تاہم کھلاڑیوں کے مابین رد و بدل بھی جاری ہے۔ پاکستان کرکٹ کو آگے بڑھانے کیلئے صرف قومی سطح پر نہیں بلکہ نچلی سطح پر انفراسٹرکچر، گراونڈز اور پلیئر ڈیولپمنٹ پر بھی سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن