پاکستان شاہینوں نے دوسرا ون ڈے جیتنے کے ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ون ڈے میں 81 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 2 صفرسے جیت لی۔جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے دوسرے  میچ میں  جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو  بیٹنگ کی دعوت دی۔  پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور افریقن ٹیم کو جیت کے لئے 330 رنز کا بڑا ٹوٹل دیا۔ پاکستان کی جانب سے گرین شرٹس کی جانب سے اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی قومی ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا جب 5 رنزکے مجموعی اسکور پر  عبد اللہ شفیق کی  پہلی وکٹ گری۔ عبداللہ شفیق مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد صائم ایوب اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ پر 48 رنز کی شراکت داری قائم کی۔پہلے میچ میں سنچری اسکور کرنے والے صائم ایوب دوسرے ون ڈے میں 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 53 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان اور بابر اعظم نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی جانب سے پر اعتماد بیٹنگ کی اور اپنی  نصف سینچریاں مکمل  کیں۔ بابر اعظم نے کریئر کی 33 ویں اور محمد رضوان نے 14ویں نصف سنچری اسکور کی۔ بابر اعظم 73 رنز اور محمد رضوان 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد آغا سلمان اور کامران غلام نے بھی پاکستان کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کی، آغا سلمان 30 اور کامران غلام 32 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کامران غلام کی تیز ترین اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ عرفان خان نے 15، شاہین آفریدی نے 16، حارث رؤف نے 6، ابرار احمد نے 4 رنز بنائے جبکہ نسیم شاہ صفر پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کوینا مافاکا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکو جینسن نے 3، ژورن فورٹن اور اینڈائل فیلوکوایا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔پاکستان کے 330 رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 44 ویں اوورز میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اس طرح یہ میچ پاکستان نے 81 رنز سے اپنے نام کرلیا۔ 330 رنز کےہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسین نے 74 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، ان کے علاوہ جنوبی افریقہ کا  کوئی بھی  بیٹر نمایاں کھیل پیش نہ کر  سکا۔ ٹونی ڈی زورزی 34، ڈیوڈ ملر 29، ریسی وین ڈر ڈوسین 23، ایڈن مارکرم 21، کپتان ٹیمبا بووما 12، ژورن فورٹین 9، مارکو جینسن 3، کوینا مافاکا 1 اور اینڈائل فیلوکوایو 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 8 اوورز میں 47 رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ 3 اور ابرار احمد 2 وکٹیں حاصل کر پائے جبکہ سلمان آغا کے حصے میں ایک وکٹ آیا۔ اس فتح کے ساتھ 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی، محمد رضوان نے کپتان بننے کے بعد مسلسل تیسری ون ڈے سیریز اپنے نام کی۔ 32 گیندوں پر 63 رنز بنانے والے پاکستان کے کامران غلام کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن